City news
کاغذ پر چلے رہے مدارس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: سلیم پرویز
کاغذ پر چلے رہے مدارس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: سلیم پرویز
پٹنہ24 ستمبر ( یواین آئی )بہار اسٹیٹ مدرسہ بورڈ کے چیئرمین مسٹر سلیم پرویز مدرسہ بورڈ کی کارگذاریوں کو بہتر بنانے اور مدارس میں درس و تدریس کو بہتر بنانے اور وقت پر امتحانات اور نتائج کے لئے کوشاں ہیں۔ ساتھ ہی کاغذ پر چل رہے مدارس کو کسی بھی قیمت پر بخشنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ چیئرمین کا عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے مدارس اور کمیٹیوں کی حقیقت کا جائزہ لینے کے لئے ضلعوں کا دورہ شروع کردیا ہے۔ اس کے تحت انہوں نے سب سے پہلے دربھنگہ کے مدارس کا دورہ کیا۔ گذشتہ 17 ستمبر کو انہوں نے گوپال گنج میں مدارس کا اچانک معائنہ کیا۔
آج اسی کے تحت انہوں نے سیوان کے مدرسہ اسلامیہ سمیت دیگر مدارس کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران بے ضابطگیوں کو دیکھ کر چیئرمین موصوف کافی ناراض ہوئے اور واضح طور پر کہا کہ کاغذ پر مدرسہ چلانے والوں کو وہ بخشیں گے نہیں۔ انہوں نے فرضی کمیٹیوں پر بھی خفگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاغذپر مدرسہ چلاکر رقم اٹھانے والوں کی اب خیر نہیں ہے۔ جو مدرسے درست ہوں گے اور کمیٹیاں ، و اساتذہ صحیح ہوں گے تو ہی مدرسہ بورڈ سے تعاون کے وہ مستحق ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جائزہ کے دوران پتہ چلا کہ اس مدرسہ میں خاندان کے ہی چار لوگ پڑھا رہے ہیں اور قرآن کی بے حرمتی ہورہی ہے۔ مدرسہ کے صدر و سکریٹری بھی یہاں نہیں ہیں۔میرے یہاں آنے کی خبر ملتے ہی یہاں کا ہیڈ مدرس بھی بھاگ گیا۔ میں نے اسے گارڈ کو بھیج کر بلوایا اور کاغذات دیکھے۔ اسٹیشن کے قریب واقع مدرسہ بھی بوسیدہ کمرے میں چل رہا ہے اور وہاں جانے کا راستہ بھی نہیں ہے۔ یہ لوگ حکومت کے آنکھوں میں دھول جھونکنے کا کام کر رہے ہیں۔ میرواں اور بلال گنج کے مدارس کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ مدارس میں طلباءکو تعلیم بھی نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارن، گوپال گنج اور سیوان کے بعد سیمانچل کا بھی دورہ کریں گے اور مدارس کا جائزہ لیں گے۔
مسٹر سلیم پرویز نے کہا کہ وہ مدارس کو بہتر بنانے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نتیش کمار نے جس مقصد کے تحت انہیں یہ عہدہ سونپا ہے اس میں کسی بھی طرح کی کمی نہیں ہوگی اور بہار میں مدرسہ بورڈ کی کارکردگی مثالی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیراعلی نتیش کمار کے دامن میں مرکزی حکومت یا کوئی اور دھبہ نہیں لگا سکاوہ اپنی ایمانداری پر کھرے رہے میں انہیں کے راستے پر چل کر اپنا کام کر رہا ہوں اورآئندہ بھی کام کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کو حاضر و ناظر جان کر میں کام کروں گا اور اس سرزمین پر کوئی نہیں ہے جو سلیم پرویز کو پیسے سے خرید لے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نتیش کمار نے مدارس کو اپ گریڈ کیاکہ گاﺅں کے بچے دین و دیگر تعلیم حاصل کریں لیکن اس پر عمل نہیں ہوپارہا ہے۔ جو مدارس کاغذ پر چل رہے ہیں ان پر کارروائی ہوگی، تنخواہ روکی جائے گی اور ان کی منظوری بھی ختم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ قانون کے دائرے میں ایسے کاغذی مدارس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔