Card image cap Card image cap Card image cap Card image cap
National news
4.7(12004)

Explain:

رام بھدراچاریہ، گلزار کو 58 ویں گیان پیٹھ ایوارڈ سے نوازا جائے گا نئی دہلی، 17 فروری (یو این آئی) سنسکرت کے نامور اسکالر جگد گرو رام بھدراچاریہ اور اردو کے مشہورشاعر گلزار کو 58ویں گیا پیٹھ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ہفتہ کو گیان پیٹھ ایوارڈز کی جیوری نے سال 2023 کے لئے 58ویں گیان پیٹھ ایوارڈز کا اعلان کیا۔ ہفتہ کو گیان پیٹھ ایوارڈ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا گیا ہے، ’’58واں گیان پیٹھ ایوارڈ دو زبانوں کے نامور ادیبوں، جگد گرو رام بھدراچاریہ (سنسکرت ادب) اور مسٹر گلزار (اردو ادب) کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مشہور کہانی کار اور گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ پرتیبھا رائے کی صدارت میں سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس میٹنگ میں سلیکشن کمیٹی کے دیگر ممبران مسٹرمادھو کوشک، دامودر موجو، پروفیسر۔ سورنجن داس، پروفیسر پروشوتم بلمالے، پرفل شیلیدار، پروفیسر ہریش ترویدی، پربھا ورما، ڈاکٹر جانکی پرساد شرما، اے کرشنا راؤ اور گیان پیٹھ کے ڈائریکٹر مدھوسودن آنند شامل تھے۔ اتر پردیش کے چترکوٹ کے رہنے والے مسٹر رام بھدراچاریہ ایک مشہور عالم، ماہر تعلیم، کثیرلسانی عالم، تخلیق کار، مبلغ، فلسفی اور ہندو مذہبی رہنما ہیں۔ وہ چترکوٹ میں واقع سنت تلسی داس کے نام سے منسوب تلسی پیٹھ نامی مذہبی اور سماجی خدمت ادارہ کے بانی اور صدر ہیں۔ وہ کئی زبانوں کے ماہر ہیں اور 22 زبانیں بولتے ہیں۔ وہ سنسکرت، ہندی، اودھی، میتھلی سمیت کئی زبانوں کے آشو کوی اور مصنف ہیں۔ انہوں نے 240 سے زائد کتابیں اور مقالے لکھے ہیں۔ ان کے لکھے گئے چار مہاکاویوں میں دو سنسکرت زبان اور دو ہندی زبان میں لکھے گئے ہیں۔ اس سے قبل انہیں 2015 میں پدم وبھوشن سے نوازا جا چکا ہے۔ گلزار کے نام سے معروف سمپورن سنگھ کالرا (1934) ہندی فلموں کے مشہور گیت کار ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایک شاعر، اسکرین رائٹر، فلم ڈائریکٹر، ڈرامہ نگار اور مشہور شاعر ہیں۔ ان کی تخلیقات بنیادی طور پر ہندی، اردو اور پنجابی میں ہیں۔ اس سے قبل گلزار کو سال 2002 میں ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ اور سال 2004 میں پدم بھوشن سے نوازا جا چکا ہے۔ اپنے طویل فلمی سفر کے ساتھ ساتھ گلزار ادب کے میدان میں نئے سنگ میل طے کرتے رہے ہیں۔ نظم میں انہوں نے ایک نئی صنف ’’تروینی‘‘ ایجاد کی ہے جو تین سطروں کی غیر مقفہ نظم ہوتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سنسکرت زبان کو دوسری بار اور اردو کے لیے پانچویں بار یہ ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے ادبی اعزاز، گیان پیٹھ ایوارڈ کے ایک حصے کے طور پر، جیتنے والوں کو 11 لاکھ روپے کی انعامی رقم، واگ دیوی کا مجسمہ اور ایک توصیفی سند سے نوازا جائے گا۔







Developed by WebsMaps Solution

For Website Development Contact us