حکومت بہار نے ذات پات کے اعداد و شمار جاری کئے، معاشی اور سماجی رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی حکومت بہار نے ذات پات کے اعداد و شمار جاری کئے، معاشی اور سماجی رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی پٹنہ، 02 اکتوبر (یو این آئی) گاندھی جینتی کے موقع پر حکومت بہار نے پیر کو ریاست میں رہنے والے لوگوں کی ذات پر مبنی اعداد و شمار جاری کیے، جبکہ اقتصادی اور سماجی رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔ حکومت بہار کی جانب سے ڈیولپمنٹ کمشنر وویک کمار سنگھ، جو اس وقت چیف سکریٹری کے انچارج ہیں، نے سکریٹریٹ کے آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرکے ذات پات پر مبنی سروے کا ڈیٹا جاری کیا۔ رپورٹ کے مطابق ریاست کی کل آبادی میں سے 36.01 فیصد انتہائی پسماندہ، 27.12 فیصد پسماندہ طبقہ، 19.65 فیصد درج فہرست ذات اور 1.68 فیصد درج فہرست قبائل اور 15.52 فیصد غیر ریزرو طبقہ ہے۔رپورٹ کے مطابق ذات پات کے حساب سے کل آبادی 13 کروڑ 7 لاکھ 25 ہزار 310 بتائی گئی ہے۔ موبائل ایپ کے ذریعے جمع کیے گئے ڈیٹا کے اندراج کے مطابق سروے شدہ خاندانوں کی کل تعداد 2 کروڑ 83 لاکھ 44 ہزار 107 ہے۔ اس میں بہار سے باہر رہنے والے عارضی مہاجرین کی تعداد 53 لاکھ 72 ہزار 22 ہے۔ اس طرح بہار کی سرحدوں میں رہنے والوں کی تعداد 12 کروڑ 53 لاکھ 53 ہزار 288 ہے۔ ان میں 6 کروڑ 41 لاکھ 31993 مرد، 6 کروڑ 11 لاکھ 38 ہزار 460 خواتین اور 82 ہزار 836 دیگر ہیں۔ ریاست میں جنس کے تناسب کی شرح 953 خواتین فی 1000 مردوں پر ہے۔ مذہب کی بنیاد پر ہندو آبادی 81.99 فیصد ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسلام مذہب کے ماننے والوں کی آبادی 17.70 فیصد، عیسائیت 0.057، سکھ 0.113، بدھ مت 0.851، جین 0.0096 اور دیگر مذاہب 0.127 فیصد ہیں۔ کل آبادی میں کسی بھی مذہب کو نہ ماننے والوں کی تعداد صرف 2146 ہے۔ رپورٹ کے مطابق بہار میں اونچی ذاتوں (غیر ریزرو طبقے) کی آبادی 15.52 فیصد ہے جس میں برہمن 3.65، راجپوت 3.45، بھومیہار 2.86 اور کائستھ 0.60 فیصد ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بہار میں سب سے زیادہ آبادی 14.26 فیصد یادو کی ہے، جو پسماندہ طبقے کے زمرے میں آتے ہیں۔ اسی طرح ایک فیصد سے زیادہ آبادی والی ذاتوں میں روی داس 5.25، دوسادھ (پاسوان) 5.31، کشواہا 4.21، موسہر 3.08، مومن (انصاری) 3.54، تیلی 2.8، کرمی 2.87، ملاح 2.60، بنیا 2.31، کانو 2.21،دھنک 2.13، نونیا 1.91، چورسیا 1.70، چندرونشی (کہار) 1.64، نائی 1.59، بڑھئی 1.45 اور پوٹر 1.40 فیصد ہیں۔ مسلمانوں میں سب سے زیادہ فیصد شیخ 3.82، سورجا پوری (سوائے پٹھان) 1.87، دھنیا (مسلمان) 1.42 اور کنجرا 1.39 فیصد ہے۔