پٹنہ، 9 ستمبر (پی این ایس)۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے بہار میں مانسون سرگرم ہے۔ کئی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ آج بھی پٹنہ، شیخ پورہ، کٹیہار، موتیہاری، ارریہ، سمستی پور، مظفر پور، چھپرہ اور جموئی میں بارش ہوئی۔کٹیہار میں جمعہ کی رات 12:00 بجے سے صبح 4:30 بجے تک تیز بارش ہوئی ہے۔ ہفتہ کی صبح بھی ہلکی بارش ہوئی ہے۔ موتیہاری میں ہفتہ کی صبح سے ہی موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔محکمہ موسمیات نے بہار کے 31 اضلاع میں بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ 4 اضلاع مشرقی۔مغربی چمپارن ، کیمور اور بھبھوا میں شدید بارش کو لیکر ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ وہیں 27 اضلاع میں ہلکی بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔بہار میںاس سال مانسون بہت کمزور رہا ہے۔ اس کے باوجود ریاست میں ان دنوں بارش کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حالانکہ بارش کے ساتھ بادلوں کی آمدورفت اور نمی کے بہاؤ کی وجہ سے امس بھری گرمی سے لوگوں کو راحت ملی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کی ٹرف لائن جیسلمیر، جمشید پور، دیگھا سے مشرق۔جنوب کی طرف شمال مشرقی خلیج بنگال کی طرف سطح سمندر سے اوسطاً 2 کلومیٹر کی بلندی تک موثر ہے، جس کی وجہ سے آئندہ چند روز تک ریاست میں بارش کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔بہار میں اس سال بارش نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کی پریشانیاں بھی بڑھ رہی ہیں۔ ستمبر کے مہینے میں بھی اچھی بارش نہ ہوئی تو دھان کی فصل تباہ ہو جائے گی۔ اس سال محکمہ موسمیات نے خریف سیزن کے آغاز میں ہی معمول کی بارشوں کی پیشن گوئی کی تھی۔ تاہم 7 ستمبر تک ریاست میں صرف 609.1 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ جبکہ 837.6 ملی میٹر بارش ہونی تھی جو کہ 27 فیصد کم ہے۔بہار کے کسانوں نے اپنی 99 فیصد زمین پر دھان کی بوائی کی ہے۔ اس بار 90 لاکھ میٹرک دھان کی پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم ستمبر کے آخر تک اچھی بارش نہ ہونے کی صورت میں یہ ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا۔محکمہ موسمیات نے ریاست کے 27 اضلاع میں ہلکی بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ جس میں پٹنہ، گیا، نوادہ، شیخ پورہ، ویشالی، بیگوسرائے، سمستی پور، لکھی سرائے، جموئی، بانکا، مونگیر، کھگڑیا، مظفر پور، دربھنگہ، مدھوبنی، سیتامڑھی، شیوہراوردیگراضلاع شامل ہیں۔پٹنہ میں صبح سے ہی موسم خوشگوار رہے گا۔ دن بھر آسمان پر بادلوں کی آمدورفت رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پٹنہ میں آج بارش کا امکان ہے۔ کل جمعہ کے روز پٹنہ میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوئی۔ جس سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی۔وہیں پٹنہ کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں بھی 4.7 ڈگری سیلسیس کی کمی درج کی گئی ہے۔ جس کے بعد پٹنہ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔