Card image cap Card image cap Card image cap Card image cap
Local news
4.7(11566)

Explain:

پٹنہ سیٹی،09؍ستمبر(آرہ فاطمہ) بے خوف چوروں نے بند گھر کا تالا توڑ کر لاکھوں روپے کے زیورات سمیت ساڑھے سات لاکھ روپے نقدی کی چوری کر لی۔ اس دوران متاثرہ اپنے تمام کنبہ کے افراد کے ساتھ گھر کو تالا لگا کر یاترا پر گیا ہوا تھا۔ معاملہ دیدار گنج تھانہ علاقہ سے متعلق ہے۔ اس سلسلے میں متاثرہ نے متعلقہ تھانے میں شکایت درج کرائی ہے اور مسروقہ زیورات کی بازیابی کی درخواست کی ہے۔ متاثرہ گورکھ پرساد یادو ساکن بڑی سنگت، چیک پوسٹ پٹرول پمپ کے سامنے والی گلی، دیدار گنج نے بتایا کہ وہ اپنے تمام کنبہ کے افراد کے ساتھ 3 ستمبر کی شام 6.30 بجے یاترا پر گئے تھے۔ اس دوران گھر پر کوئی نہیں تھا۔ تمام کمروں اور مرکزی دروازے پر تالے لگے ہوئے تھے۔ 8 ستمبر کی صبح ڈیڑھ بجے درشن کے بعد جب میں گھر واپس آیا تو دیکھا کہ گھر کا مین گیٹ پہلے کی طرح بند تھا۔ ہم اسے کھول کر اندر گئے تو کمرے کا منظر بدل چکا تھا۔ سارا سامان بکھرا پڑا تھا۔ المیرہ کا لاکر ٹوٹا ہوا تھا۔ سونے چاندی کے تمام زیورات غائب تھے۔ دوسری اور تیسری منزل پر واقع کمروں کا بھی یہی حال تھا۔ متاثرہ نے بتایا کہ چوروں نے اس کی بہن کے رکھے ایک لاکھ روپے اور اس کے ساڑھے چھ لاکھ روپے بھی غائب کر دیئے۔ اس نے بتایا کہ چوروں نے اس کی والدہ، بھابھی، بہن، بیٹی اور دیگر کے سونے اور چاندی کے زیورات چوری کر لیے۔ انہوں نے بتایا کہ چوری ہونے والے زیورات کی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے ہوگی۔ معاملہ درج ہوتے ہی دیدار گنج تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور جانچ شروع کی۔ تھانہ صدر کا کہنا تھا کہ قریب نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ شاید کوئی سراغ مل جائے اور اس کی بنیاد پر چوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔







Developed by WebsMaps Solution

For Website Development Contact us