نتیش نے گیا اور بودھ گیا میں مختلف منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا پٹنہ، 08 ستمبر ( یواین آئی )وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج گیا اور بودھ گیا میں مختلف منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا اور کئی مقامات کا معائنہ بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے گیا کے پہاڑ پور میں واقع بہار انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ (بپارڈ) کی مرکزی انتظامی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے بپارڈ کی نو تعمیر شدہ عمارت کے احاطے کا دورہ کیا اور معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ یہاں کے باقی کاموں کو جلد مکمل کریں۔ کھیلوں کا بھی انتظام کریں۔ وزیر اعلیٰ نے ’بپارڈ‘ احاطے میں آنجہانی دشرتھ مانجھی کے مجسمے کی نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا اور مجسمہ پرگلپوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ’دیدی کی رسوئی‘ (کیفے) کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ’بپارڈ‘ احاطہ میں پودا بھی لگایا۔ انہوں نے بپارڈاحاطہ میں بنے کاویری گیسٹ ہا ¶س کا بھی معائنہ کیا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے وشنوپد مندر تک پہنچنے کے لیے مجوزہ متبادل راستے کی تعمیر کا مشاہدہ کیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پھلگوندی پر بنائے گئے بائی پاس پل کے قریب سے وشنوپد مندر تک دریا کے کنارے ایک اونچی اور چوڑی سڑک بنائیں، تاکہ عقیدت مندوں کو وشنوپد تک پہنچنے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مندر اور گھاٹ کی شکل بھی خوبصورت نظر آئے۔ حال ہی میں منعقد ہونے والے راجگیر کے ملماس میلے میں 3 کروڑ عقیدت مند پہنچے۔ ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ عقیدت مند گیا میں بھی آئیں۔ پترپکش میلے کے دوران پورے ملک سے لوگ یہاں آتے ہیں، اس بات کا خیال رکھیں کہ انہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے پھلگو ندی کے دائیں کنارے پر ماں سیتاپتھ اور ندی کے کنارے کے ترقیاتی کاموں کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ وزیر اعلیٰ نے وہاں پودا بھی لگایا۔ وزیراعلیٰ نے ماں سیتا کی پوجا کرتے ہوئے ریاست کی خوشی، امن اور خوشحالی کی دعا کی۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے وشنوپد مندر میں پوجا کی اور ریاست کی امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے وشنوپد مندر تک پہنچنے کے لیے متبادل راستے کے لیے تعمیراتی مقام کا معائنہ کیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے وشنوپد مندر کے قرب و جوار پترو پکش میلے سے متعلق مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے افسران کو یہاں سولر پلیٹس لگانے کی ہدایت دی تاکہ شمسی توانائی کو مزید فروغ دیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے تختی کی نقاب کشائی کی اور گیاجی دھرم شالہ کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلیٰ کے سامنے گیاجی دھرم شالہ سے متعلق ایک پرزنٹیشن بھی دی گئی۔اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے مہابودھی مندر میں بھگوان بدھ اور بودھی درخت کی پوجا کرکے ریاست کی امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے بودھ گیا مندر مینجمنٹ کمیٹی (بی ٹی ایم سی) کے دفتر کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا ربن کاٹ کر اور نام پلیٹ کی نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا۔ اس دوران بدھ مت کے مذہبی رہنما دلائی لامہ کا ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا۔ اس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو، مالیات، ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، آبی وسائل و اطلاعات اوررابطہ عامہ کے وزیر سنجے کمار جھا، وزیر زراعت کمار سروجیت،کو آپریٹو کے وزیر سریندر پرساد یادو، قانون ساز کونسل کی رکن مسز کمود ورماسمیت دیگر عوامی نمائندے،وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، سکریٹری مسٹر عامر سبحانی، ڈی جی پی مسٹر آر ایس بھٹی، محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، محصولات و اصلاحات اراضی محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر برجیش مہروترا، آبی وسائل اور چھوٹے آبی وسائل محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر چیتنئے پرساد، سڑک تعمیرات و صحت محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر پرتئے امرت، محکمہ شہری ترقی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر ارونیش چاولہ، جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر بی راجندر، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و بجلی محکمہ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر سنجیو ہنس، محکمہ دیہی ترقیات کے سکریٹری این سرون کمار، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری انوپم کمار، محکمہ سیاحت کے سکریٹری مسٹر ابھے کمار سنگھ، محکمہ عمارت تعمیرات کے سکریٹری کمار روی، وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ، مگدھ ڈویژن کے کمشنر مسٹر میانک بربرے، مگدھ زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس مسٹر شترنیل سنگھ، گیا ضلع کے ڈی ایم ڈاکٹر تیاگراجن ایس ایم، گیا کے ایس ایس پی مسٹر آشیش بھارتی اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوگ اس جگہ کو’ گیاجی‘ کے نام سے جانتے ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگ یہاں پر پنڈدان کر نے آتے ہیں۔ یہاں تک پہنچنے کے لیے کئی راستے بنائے گئے ہیں۔ یہاں کچھ کام باقی ہے، اسے بھی مکمل کر ارہے ہیں۔ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد یہاں آنے والے لوگوں کو مزید سہولیات ہوں گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ جتنے لوگ یہاں آتے ہیں اس سے زیادہ لوگ یہاں آئیں۔ اسی سلسلہ میں ہم لوگ یہاں پر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ یہاں پر جو کام ہو رہا ہے اس کام کو دیکھنے کے لیے ہم لوگ یہاںآئے ہیں۔ پترپکش میلا شروع ہو نے والا ہے اس کی تیاری دیکھنے ہم لوگ یہاں آئے ہیں۔